Thursday, April 18, 2024

مولانا کے کارکنوں کا پلان بی پر عملدرآمد شروع ، مختلف شہروں میں شاہراہیں بند کر دیں

مولانا کے کارکنوں کا پلان بی پر عملدرآمد شروع ، مختلف شہروں میں شاہراہیں بند کر دیں
November 14, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) مولانا کے کارکنوں نے پلان بی پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ جے یوآئی نے اسلام آباد، کراچی سمیت مختلف شہروں میں شاہراہیں بند کر دیں۔

 مانسہرہ ، بنوں اور راولپنڈی میں بھی احتجاج جاری ہے۔ جیکب آباد اور مالاکنڈ میں بھی شاہراہیں بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ہیں۔

 ادھر کوئٹہ چمن شاہراہ اور جیک آباد میں شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کی بندش سےٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو گئی، بڑی تعداد میں گاڑیاں اور مسافر پھنس کر رہ گئے۔

دوسری طرف حکومت نے بھی مولانا کے پلان بی سے نمٹنے کیلئے کمر کس لی۔ لاہور پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ۔ ملتان میں پولیس الرٹ ہے ، جہلم میں بھی مختلف مقامات پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مولانا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا پلان بی سیاسی بدحواسی کا پلان ہے ،  مولانا کو سمجھ نہیں آرہی وہ کیا کریں؟ ،ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے سارے پلان ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا جمہوری اور عوامی پلان سامنے لائیں، پلان بی کے تحت کوئی ایسا غیر ذمہ دارانہ اقدام نہ اٹھائیں جو آپ کی سیاسی عبرت کا باعث بن جائے۔