Tuesday, May 21, 2024

مولانا کو ملک کی نہیں، حلوے کی فکر ہے ، فردوس عاشق اعوان

مولانا کو ملک کی نہیں، حلوے کی فکر ہے ، فردوس عاشق اعوان
October 13, 2019
سیالکوٹ (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کو ملک کی نہیں ، صرف اپنے حلوے کی فکر ہے ۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ  مولانا  کا سیاست  وجمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں ، انہیں صرف حلوے کی کشش کھینچتی ہے اور وہ اس پلیٹ کے پیچھے پیچھے  رخ موڑ لیتے ہیں ، عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف  ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  عوام آج بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں ، کچھ چور ڈکیت ، جیل میں ہیں اور کچھ جانے والے ہیں ۔ اس سے پہلے اپنے ٹویٹ پیغام میں بھی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ   جانتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں جس کے حصول کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں  ، اندرونی اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے دن کو سیاست کے لئے چنا گیا۔