Friday, April 26, 2024

مولانا نے پیپلزپارٹی کے بغیر ہی پی ڈی ایم اتحاد کو برقرار رکھنے پر مشاورت شروع کر دی

مولانا نے پیپلزپارٹی کے بغیر ہی پی ڈی ایم اتحاد کو برقرار رکھنے پر مشاورت شروع کر دی
May 4, 2021

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم میں اختلافات کا معاملہ،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کے رویئے سے مایوس ہوگئے، مولانا نے پیپلزپارٹی کے بغیر ہی پی ڈی ایم اتحاد کو برقرار رکھنے پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

اپوزیشن میں اختلافات کے معاملے پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پیپلزپارٹی کے رویئے سے مایوس ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمٰن نےپی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم قائدین کو پیپلزپارٹی سے رابطوں اور غلطی سدھانے سے انکار کے حوالے سے آگاہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کاکہناہے کہ پیپلزپارٹی والے پی ڈی ایم میں واپسی کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب لفظی گولہ باری بھی کی جاتی ہے۔ بار بار کی اپیلوں کے باوجود بیان بازی کا سلسلہ نہیں رک سکا۔

ذرائع کے مطابق عیدالفطرکے فوری بعد پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم کے اکثریتی قائدین نےمولانا فضل الرحمن کو مشورہ دیا کہ عیدآئندہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کو فی الوقت دعوت نہ دی جائے۔