Friday, April 26, 2024

مولانا محمد شیرانی کا جے یو آئی پاکستان کو جے یو آئی ایف سے الگ کرنیکا اعلان

مولانا محمد شیرانی کا جے یو آئی پاکستان کو جے یو آئی ایف سے الگ کرنیکا اعلان
December 29, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) مولانا محمد خان شیرانی نے جے یو آئی پاکستان کو جے یو آئی ایف سے الگ کرنے کا اعلان کردیا۔

اُنہوں ںے ساتھیوں سمیت پریس کانفرنس میں کہا کہ اکابرین سے وراثت میں ملی جماعت کا نام جمعیت علمائے اسلام پاکستان ہے۔ فضل الرحمان نے جے یو آئی ایف کے نام سے اپنا الگ گروپ بنایا۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ کبھی جے یو آئی ایف یا فضل الرحمان گروپ کا حصہ نہیں رہے۔ ہم تمام ساتھیوں کو ترغیب دلائیں گے کہ جماعت سے رابطے نہ توڑیں ہمارے بارے میں جو کچھ بھی کہا جائے ہم صبر سے سنیں گے۔ اب جو کچھ ہورہا ہے وہ صداقت اور سچائی سے خالی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام معاملات ساتھیوں کے سامنے رکھے ہیں۔ 2002ء کے بعد سے لیکر جے یو آئی ف سے لیکر 2018ء تک مختلف نوٹیفیکیشن کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مولانا قمر الدین نے پارٹی کے لئے قلم کا نشان لینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی۔

مولانا شیرانی بولے کہ ہماری آئندہ پالیسی کے تین پہلو ہوں گے، ہم نے کیا کرنا ہے، رکنیت سازی کیسے کرنی ہے، سات بنیادی اصولوں پر چلیں گے۔ کوئی بھی ساتھی قرآن و سنت کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔ دعوت کا سلسلہ ساتھیوں سے جاری رکھا جائے گا۔ کسی ساتھی کو کسی بھی کام پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ ہر ساتھی اپنے علم کے مطابق چلے گا۔ ہم ہمیشہ جمعیت کے دستور کے مطابق رکن ہیں اور رہیں گے۔ ہمارا کوئی بھی رکن قرآن و سنت کے منافی کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ساتھیوں کے مشورے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور اسی پر عمل کیا جائے گا۔ ہم دعوت ملنے پر ان کے پروگراموں میں جانے کو تیار ہوں گے، شرط یہ ہے کہ ہمارے جانے پر نعرے بازی نہ ہو، انہیں ہمارے پروگراموں میں بھی شرکت کی اجازت ہوگی، منفی رویے کو مثبت رویے سے تبدیل کریں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آئندہ میں خود ملک بھر سے رکن سازی کروں گا، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو ملک بھر میں متعارف کرانے کے لیے ساتھیوں نے قربانیاں دی ہیں۔ مفتی محمود صاحب کے بعد جماعت کو فعال بنانے کے لیے جن ساتھیوں نے کردار ادا کیا ان میں سے تمام اللہ کو پیارے ہوگئے، کچھ معذوری کی حالت میں ہیں، ایک چلتا پھرتا صرف میں ہی رہ گیا ہوں۔