Friday, April 19, 2024

مولانا فضل الرحمٰن کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان، شرکا کی گھروں کو واپسی شروع

مولانا فضل الرحمٰن کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان، شرکا کی گھروں کو واپسی شروع
November 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مولانا فضل الرحمٰن نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد آزادی مارچ کے شرکا کی قافلوں کی صورت میں گھروں کو واپسی شروع ہو گئی۔ آخر کار مولانا فضل الرحمن نے بھی اسلام آباد میں آزادی مارچ کے نام سے دیا جانے والا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ مولانا صاحب نے پلان بی کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن اس دھرنے سے انہیں وہ مقصد حاصل نہیں ہوا جس کے لئے وہ آئے تھے۔ ماضی کے تینوں دھرنوں کا نیتجہ کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنہ سے زیادہ مختلف نہیں تھا۔ پہلا دھرنا پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہر القادری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے خلاف 2013 میں دیا تھا جس کا مقصد حکومت گرانا تھا لیکن حکومت نہ گر سکی۔ انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا لیکن آج تک انتخابی اصلاحات کا بھی وعدہ وفا نہ ہوا۔ دوسرا دھرنا 2014 میں  تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھاندلی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے مل کر دیا تھا۔ اس بار بھی عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے حکومت گرانے کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ تحریک انصاف نے 126 دن کا طویل ترین دھرنا دیا لیکن حاصل کچھ نہ ہوا۔ عمران خان اور طاہر القادری کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔ اب مولانا فضل الرحمن بھی آئے تو بڑے جذبے سے تھے لیکن حکومت گرائے بغیر ہی جارہے ہیں۔ دھرنوں سے ملک میں ہجان تو پیدا ہوتا رہا لیکن مقاصد ابھی تک کسی کے پورے نہیں ہو سکے۔