Saturday, April 27, 2024

مولانا فضل الرحمٰن شہباز شریف سے ملاقات کیلئے لاہور پہنچ گئے

مولانا فضل الرحمٰن شہباز شریف سے ملاقات کیلئے لاہور پہنچ گئے
October 18, 2019
 لاہور (92 نیوز) مولانا فضل الرحمٰن شہباز شریف سے ملاقات کیلئے پشاور سے لاہور پہنچ گئے۔ بیٹھک میں آزادی مارچ سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ آزادی مارچ سے متعلق دونوں جماعتیں اپنے اپنے کردار کا تعین کرینگی۔ ن لیگ کے سینئر رہنما بھی شریک ہونگے۔ ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے قائدین مشترکہ پریس کانفرنس بھی کرینگے۔ دوسری جانب آزادی مارچ روکنے کیلئے حکومت ان ایکشن ہو گئی۔ پرویز خٹک نے اپوزیشن سے رابطے شروع کر دیئے ۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹاسک ملنے پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مذاکرات کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیاسی شخصیت کے ذریعے پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمن کو پیغام پہنچایا ہے تاہم مولانا فضل الرحمن نے تازہ حکومتی پیشکش کا جواب نہیں دیا ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا امید ہے دو چار دن تک مذاکرات میں پیشرفت ہو جائے گی ، جلد کمیٹی بھی بنا دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان مولانا فضل الرحمن سے براہ راست بات کرنے کے لیے مشروط طور پر تیار ہو گئے ہیں ۔ وزیراعظم نے پرویز خٹک کو ہدایت کی ہے کہ مولانا کے جائز مطالبات مانے جائیں گے ۔ مذاکرات کے دوران مولانا فضل الرحمن کا مثبت ردعمل آئے تو ٹیلیفون پر بات کی جا سکتی ہے ۔