Monday, May 6, 2024

مولانا فضل الرحمنٰ کی بطور صدر نامزدگی پر سوالات اُٹھنے لگے

مولانا فضل الرحمنٰ کی بطور صدر نامزدگی پر سوالات اُٹھنے لگے
August 27, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز)مولانا فضل الرحمنٰ کی بطور صدر نامزدگی  پر سوالات اُٹھنے لگے  کہ کیا یوم آزادی نہ منانے والا شخص صدر پاکستان بن سکتا ہے ، ن لیگ سمیت بعض اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمنٰ کو صدر کے لئے اُمیدوار نامزد کیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان عام انتخابات 2018 میں اپنی شکست پر بری طرح تلملائے اور سارے الیکشن کو ہی دھاندلی زدہ قرار دے دیا اور بھرے مجمعے میں 14 اگست کو برملا یوم آزادی نہ منانے کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمنٰ کے آزادی نہ منانے کے اعلان پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا  جبکہ مولانا کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔ مسلم لیگ ن سمیت کچھ جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تو مولانا نے خود کی کہی دھاندلی زدہ حکومت کا صدر بننے کی فوری حامی بھرلی اور اسی حکومت  کا صدر بننے کیلئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرا دیئے ۔  اب مولانا فضل الرحمان اسی ملک کا صدر بننے کے خواہاں ہے جس کا یوم آزادی منانے سے انکار کیا تھا۔ مولانا کا اختلاف اور خواہشات اپنی جگہ مگر اب عوام یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ  کیا یوم آزادی نہ منانے کا اعلان کرنے والا پاکستان کا صدر بن سکتا ہے ؟، ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں نے ایک متنازعہ شخص کو صدر کا اُمیدوار کیوں نامزد کیا ۔