Tuesday, May 21, 2024

مولانا فضل الرحمٰن حکومت کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ، شوکت یوسفزئی

مولانا فضل الرحمٰن حکومت کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ، شوکت یوسفزئی
October 13, 2019
پشاور ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو حکومت ایک آنکھ نہیں بھا رہی ،  مولانا تو اخروٹ نہیں توڑ سکتے ، حکومت کیسے گرائیں گے ۔ پشاور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ  آج  5 ہزار افراد کو اکٹھا کر کے تربیت دیں گے ،لیکن وہ پورے علاقے سے قریب 1200 افراد کو ہی اکٹھا کر سکے  ، انہیں آج بہت مایوسی ہوئی ہو گی ۔ صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ  مولانا فضل الرحمان کو کوئی شکایت تھی تو عدالت جاتے ، انہوں نے کون سی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ،ان کی کون سی بات نہیں مانی گئی کہ فوراً چل پڑے ، کہتے ہیں میں نے اس حکومت کو گرانا ہے ،آپ کے پاس قوت کیا ہے ، آپ کس نظام کے تحت  ، کون سی اخلاقی جرات ہے کہ حکومت گرا سکیں ۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا ضد کر رہے ہیں کہ میں نے حکومت گرانی ہے ، پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ آپ تو اخروٹ بھی نہیں توڑ سکتے ،حکومت کیا گراؤ گے ،آپ کے پاس  اپنے افرادی قوت ہے تو کیوں بھیک مانگنے جا رہے ہیں ،بھی ایک سے کبھی دوسرے سے ،اب مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں ۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ  سکیورٹی کی ذمہ داری ہم لیتے ہیں ، آپ پر امن احتجاج کریں ، کسی کی گاڑی نہ توڑیں ،آپ جائیں ، جہاں تک جانا چاہئیں ہم آپ کو سکیورٹی دیں گے ،لیکن ہم کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ  مدرسے کے چھوٹے بچوں کو سیاست کیلئے استعمال کرے ۔