Wednesday, April 24, 2024

مولانا فضل الرحمان کی شہبازشریف سے ملاقات،اعتماد پر شکریہ ادا کیا

مولانا فضل الرحمان کی شہبازشریف سے ملاقات،اعتماد پر شکریہ ادا کیا
September 2, 2018
لاہور ( 92 نیوز) صدر پاکستان کے انتخاب میں صرف دو راتیں باقی رہ گئی ، حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں عہدہ صدارت کیلئے بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان  لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملے اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے مجھ پراور  میری پارٹی متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کیا ، شکریہ کا جذبہ لیے یہاں آیا ہوں ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  ن لیگ کی قیادت کی جانب سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے، مسلم لیگ کے قائدین سنجیدگی کے ساتھ اس معرکے کو سر کرنے کے لیے تیار ہیں ہم یہ معرکہ مشترکہ طور پر لڑیں گے، کوشش ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ایک ہی امیدوار کو ووٹ دیں۔ ایک صحافی کے سوال کہ آصف زرداری آپ کو بھائی مانتے ہیں آپ ان کی بات کیوں نہیں مان لیتے پر مولانا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہی بات میں آصف زرداری سے  کہتا ہوں کہ بھائی کی بات کیوں نہیں مان لیتے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا، دوسری جماعتوں کو منانے کی کوشش کریں گے ۔