Sunday, May 5, 2024

مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپسی کا معاملہ ، جے یو آئی ف اراکین اسمبلی نے خود اسلحہ اٹھا لیا

مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپسی کا معاملہ ، جے یو آئی ف اراکین اسمبلی نے خود اسلحہ اٹھا لیا
May 14, 2019

 اسلام اباد (92 نیوز) مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر جے یو آئی ف کے اراکین اسمبلی نے خود اسلحہ اٹھا لیا۔

مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے پر جے یو آئی ف کے ارکان پارلیمنٹ کا انوکھا اقدام سامنے آیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری، جمال الدین اور دیگر سینئر ارکان نے کندھوں سے گنیں لٹکا لیں، اسلحہ سے لیس ارکان کی تصویر بھی سامنے آگئی۔

ارکان پارلیمنٹ نے کہا حکومت مولانا کو سکیورٹی نہیں دے رہی، ہم اس کے سوا کیا کرسکتے ہیں، معاملے پر مولانا عبدالواسع نے پارلیمنٹ کے اندر بھی شور مچایا۔

وزیرخارجہ نے ایوان بالا میں سکیورٹی واپس لینے کی تردید کر دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا سکیورٹی کو ری شیڈؑول کیا گیا ہے، واپس نہیں لیا گیا۔

عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا کسی رہنما کی سکیورٹی واپس لے لی جائے تو ارکان پارلیمنٹ خود ہی اسلحہ اٹھالیں گے؟کیا پرائیویٹ گارڈز رکھ کر سکیورٹی کا معاملہ حل نہیں کیا جاسکتا؟۔

 ادھر مولانا فضل الرحمان عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ جے یو آئی کے رہنما اور کارکن انہیں ذاتی سکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے باہر لائے۔