Tuesday, April 23, 2024

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کا اجلاس، پلان بی اور سی پر غور

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کا اجلاس، پلان بی اور سی پر غور
November 3, 2019
اسلام آباد  ( 92 نیوز) مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیر اعظم کو استعفیٰ دینے کیلئے  دی گئی دو روزہ مہلت کے ختم ہونے کو ہے ، ابھی تک استعفیٰ نہیں آیا لیکن بیک ڈور رابطوں میں تیزی ضرور آچکی ہے ، مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی کا طویل اجلاس ہوا جس میں پلان بی اور سی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے لچک کا مظاہرہ نہ ہونے پر مولانا فضل الرحمان نے معاملات اے پی سی میں لے جانے کا اعلان کر دیا، ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کل بلائی جارہی ہے  ، جس میں آزادی مارچ کے مستقبل کافیصلہ کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کی جانب سے دھرنے کا ساتھ نہ دینے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پلان بی اور سی پر مشاورت شروع کردی ، اسلام آباد میں جے یو آئی کا طویل اجلاس ہوا ۔جس میں پلان بی پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ذرائع کے مطابق پلان بی میں اسلام آباد  لاک ڈاون، ملک گیر پہیہ جام، ملک گیر شٹر ڈاون، صوبائی و ضلعی سطح پر لاک ڈاؤن شامل ہے ۔ ذرائع یہ بھی دعویٰ کررہے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے ناکامی کےساتھ واپس جانے کا آپشن مسترد کردیا ہے  ، زیادہ سے زیادہ حکومت کو 24گھنٹے کی مزید مہلت دی جا سکتی ہے ۔ مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی کے فیصلوں اور تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا ،  کنوینر رہبر کمیٹی اکبر درانی  کو مولانا سمیت کئی ارکان کو طویل وضاحتیں دینا پڑیں ۔ ذرائع کے مطابق  اکرم درانی کو مخاطب  کرتے ہوئے مولانا نے کہا جناب ، رہبر کمیٹی نے یہ کس قسم کی تجاویز مرتب کی ہیں  ،جو جماعتیں ڈی چوک پر دھرنے کے مخالف ہیں وہ کھل کر قوم کو آگاہ کردیں۔