Friday, March 29, 2024

مولانا فضل الرحمان کی آصف علی زرداری سے 24گھنٹوں میں دوسری ملاقات

مولانا فضل الرحمان کی آصف علی زرداری سے 24گھنٹوں میں دوسری ملاقات
January 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) آصف علی زرداری اور نواز شریف کے درمیان دوریاں ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمن متحرک ہو گئے ، 24 گھنٹوں کے دوران مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری کے درمیان دوسری ملاقات  ہو گئی ۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے آصف علی زرداری کو نواز شریف سے ملاقات کے لیے قائل کرنے کی کوشش  کی گئی ، آصف علی زرداری نے ملاقات سے متعلق مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس سے پیغام ملنے پر  ملاقات ہوئی ، ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں یہ وہ گول کر گئے۔ دوسری جانب ترجمان آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ،نواز شریف کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔ تاہم  ذرائع ملاقات کی  کچھ اور ہی تصویر دکھا رہے ہیں ، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری کو نواز شریف سے ملاقات کا مشورہ دیا  اور کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ضروری ہے ، اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے متفقہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے ۔ ادھر ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کی فوری حامی بھرنے سے معذرت کی ہے اور رہنماؤں سے مشاورت کے لئے وقت بھی مانگ لیا ہے ، آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف تو اس وقت جیل میں ہیں اُن سے کیسے ملاقات ہو سکتی ہے ۔ آصف علی زرداری سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات پر ملاقات  کیا کسی  نئی سیاسی ہل چل کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے  ،اس کا فیصلہ وقت کرے گا ۔