Thursday, May 9, 2024

مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات، اسلام آباد دھرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل

مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات، اسلام آباد دھرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل
September 23, 2019
لاہور (92 نیوز) مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی لاہور میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ شہباز شریف نے انتظار کیلئے 30 ستمبر کا وقت دیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے بھی ملاقات ہوئی۔ نواز شریف کی ہدایت کے بعد حتمی جواب دیا جائے گا۔ ادھر مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں دھرنے سے ہٹ کر گپ شپ ہوتی رہی۔ دھرنے کے حوالے سے صرف مولانا فضل الرحمان نے دعوت دی، شہباز شریف نے 30 ستمبر تک انتظار کا کہہ دیا۔ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے علیحدہ ملاقات کی۔ انہوں نے مولانا صاحب کو واضح کہہ دیا کہ ن لیگ کے حوالے سے شہباز شریف نہیں وہ فیصلہ کریں گے۔ کیپٹن صفدر مولانا کا پیغام مریم اور نواز شریف تک پہنچائیں گے۔ ان سے ملنے والی ہدایت کے مطابق کیپٹن صفدر مولانا فضل الرحمان کو جواب دیں گے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ سیاسی رابطہ کمیٹی میں اکرام درانی، مولانا اویس شاہ نورانی شامل ہیں، سیاسی رابطہ کمیٹی میں مولانا اسعد محمود، طلحہ محمود اور علامہ شفیق بھی شامل ہیں، سفارتی رابطہ کمیٹی اور میڈیا کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔