Sunday, September 8, 2024

مولانا عبدالعزیزکے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ایم کیو ایم کا واک آؤٹ ،چودھری نثار کے خلاف پی پی نے سینیٹ میں تحریک استحقاق جمع کرادی

مولانا عبدالعزیزکے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ایم کیو ایم کا واک آؤٹ ،چودھری نثار کے خلاف پی پی نے سینیٹ میں تحریک استحقاق جمع کرادی
January 22, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)لال مسجد کے خطیب مولانا عبد العزیز کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے سینیٹ میں شدید احتجاج  کرتے ہوئے واک آوٹ کیا سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے وزیر داخلہ کے بیان کیخلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق پیش کردی گئی۔ اسلام آباد سے عاطف بٹ کی رپورٹ تفصیلات کےمطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔تو سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں تو آپریشن جاری ہے تاہم اسلام آباد میں مولانا عبد العزیز دندناتے پھر رہے ہیں، حکومت مولاناعبد العزیز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرے، سینیٹر فرحت اللہ بابر  نے وزیر داخلہ کے پالیسی بیان کیخلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق پیش کی اور موقف اختیار کیا کہ 30 دسمبر کو وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ مولانا عبد العزیز کیخلاف کوئی ایف آئی آر نہیں، فرحت اللہ بابر نے مولانا عبدالعزیز کے خلاف ایف آئی آر، وارنٹ گرفتاری، اشتہاری قرار دینے کی درخواست کی کاپیاں ایوان میں پیش کر دیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دستاویزات وزیر داخلہ کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔ شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑی کے اخراجات لاء ڈویژن برداشت کر رہا ہے، فیصلے کے خلاف حکومت نظرثانی اپیل میں گئی ہوئی ہے، فیصلہ آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے۔ مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر مدارس اور علماء کو تنگ کیا جا رہا ہے، نیپ پر ہمارے بعض تحفظات موجود ہیں،علماء کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔