Friday, April 19, 2024

مولانا عادل جامعہ فاروقیہ حب میں والد کے پہلو میں سپردخاک

مولانا عادل جامعہ فاروقیہ حب میں والد کے پہلو میں سپردخاک
October 11, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں گزشتہ رات دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عالم دین مولانا عادل خان کو جامعہ فاروقیہ حب میں اُن کے والد کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ کراچی میں امن کو نظر لگ گئی۔ مُلک دشمن قوتیں سازشیں کرنے لگیں۔ کراچی میں امن دشمنوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ مولانا عادل خان کے بھائی عبیداللہ خالد نے پڑھائی، اور شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، مفتی رفیع عثمانی، مولانا عبدالغفورحیدری، قاری حنیف جالندھری، مفتی نعمان نعیم اور حافظ نعیم الرحمان سمیت علماء کرام اور ہزاروں طلبہ و شہریوں نے شرکت کی۔ مولانا عادل خان کی تدفین جامعہ فاروقیہ حب میں اُن کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں کی گئی۔ مولانا عادل خان اور اُن کے ڈرائیور مقصود کو گزشتہ رات شاہ فیصل کالونی میں دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق 3 دہشتگرد ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، اور نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔ مولانا عادل خان کے چہرے پر 4 اور بازو پر ایک، جبکہ ڈرائیور مقصود کے سر میں ایک گولی لگی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تینوں دہشتگردوں کو دیکھا جا سکتا ہے، جنہوں نے صرف 15 سیکنڈز میں فائرنگ کی اور رش والی جگہ سے بھاگ نکلے۔