Sunday, September 8, 2024

مولا جٹ اور نوری نت کی واپسی ... نیا دور نئے کردار

مولا جٹ اور نوری نت کی واپسی ... نیا دور نئے کردار
January 12, 2016
کراچی (ویب ڈیسک) کچھ فلمیں ایسی ہوتی ہیں جن کا کوئی متبادل نہیں ہوتا۔ پاکستانی فلم ”مولاجٹ“ کا شمار بھی ایک ایسی ہی فلم میں ہوتا ہے۔ ”مولاجٹ“ کو 1979ءمیں بنایا گیا تھا اور وہ مولاجٹ پاکستانیوں کی دل و نگاہ پر آج بھی چھائے ہوئے ہیں مگر جدید دور میں بھی ”مولاجٹ“ ہو سکتا ہے یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ جی ہاں پاکستان میں ایکشن ڈرامہ فلم ”مولاجٹ 2“ کے نام سے بنانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس فلم میں اداکار فواد خان اور حمزہ علی عباسی پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہونگے۔ پنجابی زبان میں بنائی جانیوالی اس فلم میں فواد خان (مولا جٹ) اور حمزہ علی عباسی (نوری نت) والے کرداروں کو ادا کرینگے۔ فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے دعویٰ کیا کہ دونوں فنکار روایتی پنجابی فلموں کے کرداروں کے بجائے اپنے منفرد کرداروں سے شائقین فلم کو چونکا دینگے۔ انہوں نے بتایا کہ میری فلم مولا جٹ کا ری میک نہیں ہوگی۔ فلم میں گنڈاسا کلچر کا نیا انداز پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سلطان راہی اور مصطفی قریشی کا کوئی بدل نہیں ہے۔ وہ فلم انڈسٹری کے لیجنڈ فنکار ہیں۔ فواد خان اور حمزہ علی عباسی ایک نئی شناخت کیساتھ جلوہ گر ہونگے۔ اس فلم میں نوری نت کا کردار اہم ترین ہے۔ شائقین ولن سے محبت محسوس کرینگے۔ اس فلم میں ایک نیا حمزہ علی عباسی پنجابی فلموں کے شائقین کے سامنے آئیگا۔ فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بلال لاشاری جبکہ ناصر ادیب اور بلال لاشاری سکرپٹ رائٹر ہیں۔