Sunday, September 8, 2024

مولا بخش چانڈیو کی عمران خان پر کڑی تنقید، حیدرآباد کے جلسے کو ناکام شو قرار دے دیا

مولا بخش چانڈیو کی عمران خان پر کڑی تنقید، حیدرآباد کے جلسے کو ناکام شو قرار دے دیا
September 20, 2017

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حیدرآباد کے جلسے کو ناکام شو قرار دے دیا۔

حیدرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نےعمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے جلسے کو ناکام شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پہلی نظر جلسہ گاہ پر پڑی تو وہ مایوس ہوگئے۔ جلسہ گاہ میں 4 ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حیدرآباد کے جلسے میں قومی مسائل اور ناکام خارجہ پالیسی پر بات کرنا چاہئیے تھی لیکن انہوں نے صرف ذاتیات پر بات کی۔ انہوں نے عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔ اگر عمران خان ہمارے قائدین کی توہین کریں گے تو آپ کو جواب ملے گا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے چڑچڑے پن کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سندھی ٹوپی کا بھی احترام نہیں کیا۔ سندھ کی عوام اپنی ثقافت کی توہین برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اپنے سیاسی مخالفین کے لئے بہت بڑی بیماری ہیں اور وہ اپنے دھیمے مزاج کے ذریعے عمران خان کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ عمران خان دوسروں پر انگیاں اٹھائیں گے تو چار انگلیاں ان پر بھی اٹھیں گی۔ عمران خان کو وزیراعظم بننے کا شوق ہے کیا انہیں اس منصب کا کوئی تجربہ ہے۔ وہ بلاول، مریم اور حمزہ شہباز کو بچہ کہہ کر خود کو بوڑھا ہونے کا تاثر دے رہے ہیں۔

عمران خان اب کرکٹ کے ہیرو نہیں بلکہ بزرگ سیاست دان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہہ رہے ہیں مجھے کیوں نکالا لیکن عمران خان کہیں گے یہ میرے ساتھہ کیا ہوا۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔