Tuesday, April 16, 2024

موصل : عراقی فوج نے سرکاری ٹی وی کی عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا

موصل : عراقی فوج نے سرکاری ٹی وی کی عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا
November 2, 2016
بغداد (ویب ڈیسک) عراقی فورسز اور داعش کے درمیان موصل کے اندر لڑائی جاری‘ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے‘ توپ خانے سے گولہ باری‘ عراقی فورسز نے موصل کے سرکاری ٹی وی کی عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا۔ تفصیلات کے مطابق عراقی فورسز داعش کے آخری گڑھ موصل کے اندر داخل ہوگئی ہیں جہاں انہیں داعش کے جنگجووں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ داعش کے جنگجو عراقی افواج پر راکٹ اور دستی بموں سے حملے کر رہے ہیں۔ دو ہزارچودہ میں شہر پر داعش کے قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے عراقی فورسز موصل شہر کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ عراقی اور اتحادی افواج کے تیس ہزار اہلکار اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ موصل میں اب بھی پندرہ لاکھ افراد محصور ہیں۔ ایک عراقی جنرل نے کہا ہے کہ خصوصی فورسز نے موصل کے اندر سرکاری ٹی وی کی عمارت پر قبضہ کر لیا ہے۔ موصل کے مضافاتی علاقے گوجالی میں داعش نے سخت مزاحمت کی اور گائیڈڈ ٹینک شکن میزائلوں اور راکٹوں سے حملے کیے۔ لڑائی کے دوران عراقی فورسز کو اتحادی فضائیہ کی مدد حاصل تھی۔ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ داعش کے پاس اب اور کوئی راستہ نہیں ہتھیار ڈال دیں یا مرنے کے لیے تیار رہیں۔