Thursday, March 28, 2024

موسم  گرما میں شہروں میں 6گھنٹے اور دیہاتوں میں 8گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی:عابدشیرعلی

 موسم  گرما میں شہروں میں 6گھنٹے اور دیہاتوں میں 8گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی:عابدشیرعلی
March 26, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ رواں برس شہروں میں چھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے تک ہوگا۔ ستر فیصد لائن لاسز والے علاقوں میں 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جائیگی۔ وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے پارلیمنٹ کو ٹوبیکو فری قرار دینے کا مطالبہ کر دیا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے ایوان کو بتایا کہ آئی پی پیز کے ذمہ 149 ارب 91 کروڑ واجب الادا ہیں۔ وفاقی اور صوبائی اداروں نے 100 ارب روپے دینے ہیں، آزاد کشمیر حکومت کے ذمہ 49 ارب روپے ہیں جبکہ ٹیوب ویل بلوں کی مد میں بلوچستان حکومت نے 129 ارب روپے دینے ہیں۔ انہوں نے  کہاکہ اس سال گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کم سے کم ہو گی تاہم70 فیصد لائن لاسز والے علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ شہروں میں چھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے تک ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ فروری تک گردشی قرضہ 258 ارب تھا جبکہ جنوری کے آخر تک تقسیم کار کمپنیوں کے بقایا جات 552 ارب روپے تھے۔ نیپرا کی جانب سے زائد لائن لاسز اور مارک اپ لاگت کی عدم منتقلی سے گردشی قرضوں میں اضافہ ہوا۔ وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑنے مطالبہ کیا کہ پوری پارلیمنٹ کو سگریٹ فری کیا جائے۔ پارلیمنٹ لابیز میں بھی سگریٹ نوشی ہوتی ہےاس پراسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سگریٹ نوشی روکنے کا سرکلر جاری کریں گے۔