Wednesday, May 8, 2024

موسم کے کروٹ بدلتے ہی شہریوں نےلنڈے بازار کا رخ کرلیا

موسم کے کروٹ بدلتے ہی شہریوں نےلنڈے بازار کا رخ کرلیا
November 2, 2020

حیدر آباد (92 نیوز) موسم کے کروٹ لیتے ہی گرم جوتوں کی خریداری کے لئے شہریوں نے لنڈا بازار  کا رخ کرلیا ہے، مہنگائی کے باعث گرم جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

حیدرآباد میں موسم نے کروٹ کیا لی شہریوں نے لنڈا بازاروں کا رخ کرلیا جہاں وہ گرم جوتوں کی خریداری میں مصروف ہیں لیکن مہنگائی نے یہاں بھی شہریوں کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے، گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال گرم جوتوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا اثر لنڈا بازار پر بھی پڑا ہے اور اب استعمال شدہ جوتے بھی ان کی پہنچ سے دور ہوتے جارہے ہیں۔

دکانداروں کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے کا اثر لنڈا بازار پر بھی پڑا ہے جس کی وجہ سے گرم جوتوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔