Saturday, April 20, 2024

موسم نے کروٹ لے لی !!! کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بوندا باندی‘ بالائی علاقوں میں آج بادل برسیں گے

موسم نے کروٹ لے لی !!! کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بوندا باندی‘ بالائی علاقوں میں آج بادل برسیں گے
October 18, 2015
لاہور (92نیوز) کوئٹہ کے شہریوں کی دعائیں بھی رنگ لے آئیں۔ موسم ابرآ لود اور سرد ہوائیں چلنے کے بعد بارش سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ وادی کوئٹہ میں اچانک کل رات موسم ابرآلود ہو گیا اور سرد ہوائیں چلنے لگیں۔ تھوڑی دیر بعد ہلکی ہلکی بوندا باندی بھی شروع ہو گئی جس کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات نے بھی شہریوں کو موسم میں تبدیلی کی نوید سناتے ہوئے بتایا ہے کہ موسم کی تبدیلی کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی کوئٹہ میں ہی نہیں بلکہ صوبے کے کئی سرد علاقوں میں بھی اپنا رنگ دکھائے گا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔ مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان‘ راوالپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، سرگودھا‘ اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ڈی جی خان، کوئٹہ، قلات، ژوب، مکران ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کےساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔