Friday, April 26, 2024

موسم سرد ہوتے ہی لاہور، فیصل آباد، کراچی اور پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ

موسم سرد ہوتے ہی لاہور، فیصل آباد، کراچی اور پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ
November 21, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) موسم سرد ہوتے ہی گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، لاہور، فیصل آباد، کراچی اور پشاور سمیت شہر شہر گیس پریشر کم ہوگیا۔

لاہور میں گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، گیس پریشر کم ہونے سے گھریلو صارفین بھی پریشانی میں مبتلا ہوگئے، تنوروں پر گیس کی عدم فراہمی کے باعث ایل پی جی سلنڈر استعمال کئے جا رہے ہیں۔

لاہور کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کا کھانا خرید نہیں سکتے، سلنڈر بھی قوت خرید سے باہر ہے، حکومت مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔

فیصل آباد میں گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، کچھ علاقوں میں گیس پریشر اتنا کم کہ خواتین کو کھانا بنانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں بھی گیس لوڈشیڈنگ کی صورتحال مختلف نہیں ہے، لیاری کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش جبکہ بعض علاقوں میں تو برائے نام ہی گیس آتی ہے۔ خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں خصوصاً پشاور میں گیس کی بندش نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے، بعض علاقوں میں تو گیس 22 گھنٹے تک غائب رہتی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں کم پریشر کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ ایس این جی پی ایل حکام کا دعوٰی ہے کہ صوبے میں وافر مقدار میں گیس موجود ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر گیس وافر مقدار میں موجود ہے تو اس سے سردیوں میں عوام کو کیوں محروم رکھا جا رہا ہے، اگر سوئی گیس کی ڈسٹری بیوشن کا مسئلہ درپیش ہے تو اسے ایس این جی پی ایل کی غفلت سے تعبیر کرنا چاہئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا دعوٰی کرنے والی حکومت اب خود بجلی کے بعد گیس کی سہولت کی عدم دستیابی پر بھی خاموش ہے۔