Saturday, May 11, 2024

موسلادھار بارش، کراچی پھر ڈوب گیا، ندی نالے بپھر گئے، شاہراہیں جھیلیں بن گئیں

موسلادھار بارش، کراچی پھر ڈوب گیا، ندی نالے بپھر گئے، شاہراہیں جھیلیں بن گئیں
August 25, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد پانی کا سمندر امڈ آیا، شہر ایک بار پھر ڈوب گیا، ندی نالے بپھر گئے، تا حد نگاہ پانی ہی پانی، گاڑیاں تیرنے لگیں، اہم شاہراہیں جھیلیں بن گئیں۔ کازوے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، تھڈو ڈیم میں شگاف سے پانی کا رساؤ جاری ہے۔ بارشوں کے طوفانی اسپیل میں کراچی پانی میں بہہ گیا، نالے بپھر گئے، سڑکیں تالاب بن گئیں، جہاں دیکھیں پانی ہی پانی ہے، گھر، مکان اور دکان کچھ بھی محفوظ نہ رہا، پورا شہر ڈوب گیا۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، سپرہائی وے، راشد منہاس روڈ پر کئی کئی فٹ پانی امڈ آیا، گلشن حدید میں سب سے زیادہ بارش، ناگن چورنگی بھی برساتی پانی میں ڈوب گئی، جناح اسپتال کے او ٹی کمپلیکس میں پانی داخل ہونے سے کروڑوں کی مشینری اور فرنیچر ناکارہ ہو گیا۔ آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ملیر، بھینس کالونی، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں میں سڑکیں ندیوں میں بدل گئیں، کئی کئی فٹ پانی میں گاڑیاں تیرتی رہیں۔ ملیرندی پھر اوورفلو، پانی آنے سے کورنگی کازوے بند کردیا گیا، گڈاپ میں تھڈو ڈیم بھی اوور فلو ہوگیا، ڈیم میں شگاف پڑ نے سے آس پاس کے علاقے زیر آب آگئے۔ گلستان ظفر سوسائٹی اور پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ اردو بازار میں دکانوں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی کتابیں بھیک گئیں، فرنیچر مارکیٹ میں کئی کئی فٹ پانی سے دکانوں میں موجود فرنیچر برباد ہو گیا، نکاسی آب کا ناقص انتظام ہونے کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔