Sunday, September 8, 2024

موسلا دھار بارشوں سے گندم کے پیداواری ہدف میں نقصان کا اندیشہ

موسلا دھار بارشوں سے گندم کے پیداواری ہدف میں نقصان کا اندیشہ
March 13, 2016
فیصل آباد (92نیوز) ماہرین کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی فصل گندم کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق مارچ میں گندم کے خوشوں میں دانے بننا شروع ہو جاتے ہیں۔ موسم بہار کی بارشیں اگرچہ گندم کی فصل کیلئے انتہائی مفید ہوتی ہیں جس سے پانی کی وافر مقدار میں دستیابی اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث دانوں کے وزن میں اضافہ بھی ہوتا ہے مگر زرعی ماہرین کہتے ہیں کہ حالیہ موسلا دھار بارشوں اور ان کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری سے فصل گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ پنجاب بھر میں سالانہ ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جاتی ہے اور اوسط پیداوار فی ایکٹر 30 من ہے۔ اگر بارشوں کا غیرمعمولی سلسلہ جاری رہا تو پیداواری ہدف میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حالیہ بارشیں جہاں گندم کی فصل کے لیے مفید ہیں وہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سلسلہ طویل ہوتا ہے تو گندم کی پیداوار پر منفی اثرات بھی چھوڑ سکتا ہے۔