Saturday, April 20, 2024

موسلا دھار بارش نے لاہور کو وینس بنا دیا‘ 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ

موسلا دھار بارش نے لاہور کو وینس بنا دیا‘ 111 ملی میٹر بارش ریکارڈ
August 27, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں صبح سویرے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بارش کے پانی میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں‘ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج ابرکرم جم کر برسا۔ بلاتعطل ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث یوں لگ رہا تھا جیسے شہر میں سیلاب آ گیا ہو۔ نشیبی علاقے تو تھوڑی سی بارش کے بعد زیرآب آ جاتے ہیں لیکن صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث پوش علاقوں کی سڑکیں بھی ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ rain2 جوہرٹاون‘ گارڈن ٹاون‘ گلبرگ اور ماڈل ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔ ایل ٹی سی بسوں سمیت دیگر گاڑیاں بھی پانی میں بند ہو گئیں۔ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ لکشمی چوک میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے گڑھے میں فیاض نامی شخص گر گیا جسے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچا لیا۔ والٹن روڈ پر بارش کے پانی میں کوڑا کرکٹ جمع ہو گیا۔ سیون اپ چوک میں تو ایک منچلا بارش کے پانی میں تیرنے کی کوشش کرتا رہا۔ گلبرگ‘ فردوس مارکیٹ‘ امامیہ کالونی‘ مغلپورہ کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ rain1 سمن آباد‘ کوٹ لکھپت‘ غالب مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو جانے سے شہری محصور ہو کر رہ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر ایک سو گیارہ ملی میٹر، لکشمی چوک نوے، تاجپورہ ایس ڈی او آفس بیاسی، اپرمال انسٹھ، جیل روڈ چھپن، مال روڈ پچپن ملی میٹر پانی جمع ہو گیا۔ واسا حکام کے مطابق شہر بھر میں نکاسی آب کے لیے ٹیمیں مصروف ہیں، جلد ہی پانی نکال لیا جائے گا۔ rain3