Friday, May 10, 2024

موسلا دھار بارش سے فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع کی شاہراہیں ڈوب گئیں

موسلا دھار بارش سے فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع کی شاہراہیں ڈوب گئیں
August 20, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع میں موسلا دھار بارش  سے شاہراہیں ڈوب گئیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے تین بچے جاں بحق  جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے، دوسری جانب بارش نے محکمہ واسا کے مون سون سے متعلق کیے گئے انتظامات کی بھی قلعی کھول دی۔

فیصل آباد اور گردونواح میں بادل جم کر برسے ، موسلا دھار بارش نے گرمی کی چھٹی کی لیکن عوام کو امتحان میں ڈال دیا  ۔ فیصل آباد کے جھنگ روڈ، سمندری روڈ ،راجباہ روڈ سمیت بڑی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، گاڑیوں کی بریکیں لگ گئیں۔

نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دوکانوں میں داخل ہو گیا عوام بالٹیاں بھر بھر پانی نکالنے پر مجبور ہو گئے ، شہر میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی،  محکمہ واسا کے مطابق مشینری اور افراد قوت کی کمی بارشی پانی کے فی الفور نکاس میں روڑے اٹکا رہی ہے جبکہ شہری گلے شکوے کر رہے ہیں ۔

ادھر فیصل آباد میں کرنٹ لگنے سے پندرہ سالہ بچہ جاں بحق جبکہ چھتیں گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے ۔

چنیوٹ میں مختلف واقعات کےدوران ایک بچہ جاں بحق جبکہ گیارہ افراد زخمی ہوئے ،بھکر میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، ادھر سرگودھا میں بارشی پانی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔

نشیبی علاقے ڈوبے تو سڑکوں کا ہے برا حال ، عوام مشکلات سے دو چار، عرضی ہے ایکشن لیجئے سرکار۔