Friday, September 20, 2024

موزمبیق سے ملنے والے ملائیشین طیارے کے ملبے کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا

موزمبیق سے ملنے والے ملائیشین طیارے کے ملبے کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا
March 3, 2016
مپوٹو (ویب ڈیسک) افریقی ملک موزمبیق میں ممکنہ طور پر ملنے والے ملائیشین طیارے کے ملبے کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ ملائیشیا کا کہنا ہے کہ قوی امید ہے کہ ملبہ ایم ایچ تھری سیون زیرو کا ہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق افریقی ملک موزمبیق کے ساحل سے ملنے والے ملبے کو دو ہزار چودہ سے لاپتہ ملائیشین طیارے کی تلاش کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دے دیا گیا۔ ملائیشیا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ موزمبیق سے ملنے والے طیارے کا ملبہ بوئنگ 777 کے حصے ہیں اور قوی امکان ہے کہ ملائیشین ایئر لائن کے لاپتہ طیارے کے ہی ہیں۔ ملائیشین حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آسٹریلوی حکام کے ساتھ مل کر تفتیش کی جا رہی ہے۔ ادھر موزمبیق کے سول ایوی ایشن ادارے کے صدر نے ملبے کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملبے کو ایم ایچ 370 کا ملبہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ یاد رہے کہ آٹھ مارچ دو ہزار چودہ کو کوالالمپور سے بیجنگ جانے والی ایم ایچ 370 پرواز پر 239 مسافر سوار تھے کہ جہاز کا رابطہ اچانک ریڈار سے منقطع ہو گیا۔ ماہرین کاخیال ہے کہ جہاز بحیرہ ہند کے جنوب میں کہیں گر کر تباہ ہوا۔