Friday, April 26, 2024

مودی کے نئے بھارت پر دہشت کی حکمرانی ہے  ،دی گارڈین

مودی کے نئے بھارت پر دہشت کی حکمرانی ہے  ،دی گارڈین
October 10, 2019
لندن (نیٹ نیوز) مودی  کے اقتدار میں ایک نیا بھارت ابھر رہا ہے جس پر خوف و دہشت کی حکمرانی ہے ،  عالمی جریدے  دی گارڈین کے مطابق لوگوں کو بانٹنے ، تقسیم کرنے اور دنیا سے کاٹ کر رکھ دینے کیلئے جو کچھ ان چار مہینوں میں ہوا ہے ویسا تو گزشتہ چالیس سالوں میں بھی نہیں ہوا تھا۔ بھارتی مصنف اور برطانوی یونیورسٹی کے پروفیسر امیت چودھری نے دی گارڈین میں لکھے گئے اپنے ایک مضمون میں کہا کہ  ذاتی ایجنڈے کے تحت آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر دیا گیا جسکے بعد خدشہ ہے کہ قوم کے بیشتر فیصلے اسی ذہنیت کیساتھ کئے جا سکتے ہیں۔اگر پوچھا جائے کہ مودی سرکار کا حالیہ بڑا کارنامہ کونسا ہے تو بیشتر لوگ کہیں گے کہ سب سے بڑا کارنامہ ملک میں خوف کی فضا پیدا کرنا ہے ،اختلاف کی ہر آواز کو دبا دیا گیا ہے ۔ پروفیسر امیت چودھری لکھتے ہیں کہ عدلیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے حکومت کے ’’ماتحت‘‘ ہیں جبکہ اختلاف کرنیوالے سب سے بڑے ’’قانون شکن‘‘ ہیں۔اختلاف رائے سے پاک ملک ہی ایک ’’نارمل ملک‘‘ ہے اور حکمرانوں کیلئے سیاسی مزاحمت سے خالی فضا ہی ’’اچھا وقت ‘‘ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہی وہ ’’اچھے دن‘‘ ہیں جن کے متعلق مودی انتخابی ریلیوں میں بتایا کرتے تھے ؟ حکومت کے پاس نیشنل رجسٹر آف سیٹیزن ہے جسکے تحت لاکھوں لوگوں کی شہریت ختم کر دی گئی ہے ، لوگوں کا انکی جڑوں سے تعلق ختم کر دیا گیا۔ امیت چودھرینے لکھا کہ   غیر قانونی تارکین وطن کو مسلمان بنا دیا گیا اور پھر مسلمان کو غیر ملکی بنا دیا گیا۔یہ افسوسناک ہے کہ ہم اپنے ماضی سے اقدار اور تنوع کی اہمیت نہیں سیکھ سکے ۔