Thursday, April 25, 2024

مودی کے بیانیے کو بھارت میں تسلیم نہیں کیا جا رہا ، شاہ محمود قریشی

مودی کے بیانیے کو بھارت میں تسلیم نہیں کیا جا رہا ، شاہ محمود قریشی
March 9, 2019
سکھر (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی کے بیانیے کو بھارت میں تسلیم نہیں کیا جارہا، ان حالات میں کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ امن کے گیت گائے گا؟۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم  مودی کو کوئی گنجائش نہیں دینا چاہتے جسے بہانہ بنا کر بھارت کو جارحیت کا موقع ملے، ہم واضح طور پر امن کا پیغام دے چکے ہیں،لیکن جارحیت کی گئی تو دفاع کی صلاحیت اور حق رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ پھر شائع ہوئی ہے جو سفارش کررہی ہے کہ ایک انکوائری کمیشن بنایا جائے جو سارے حالات کا جائزہ لے کر دنیا کو صورتحال بتائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سب جماعتوں نے اتفاق کیا لیکن اس پر عمل کرنے کی کسی میں جرات نہیں تھی، موجودہ حکومت نے ہمت کی ہے، قومی قیادت کو دعوت دیتا ہوں معاملے پر اپنی آرا دیں۔ قبل ازیں بھارتی کرکٹرز کی جانب سے فوج کی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو پاکستان کے کہے بغیر نوٹس لینا چاہیے،پوری دنیا اور آئی سی سی کے ذمہ داران نے بھی یہ منظر دیکھا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی ذمہ داری ہے کہ خود اس کا نوٹس لے ۔