Friday, May 17, 2024

مودی کے بھارت کی حقیقی تصویر، کچی آبادیاں، غربت، پانی نایاب

مودی کے بھارت کی حقیقی تصویر، کچی آبادیاں، غربت، پانی نایاب
February 13, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔ ایک طرف احمد آباد میونسپل کارپوریشن ہوائی اڈے سے سردار پٹیل موتیرا اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو ٹھیک کررہی ہے جبکہ راستے کے بیچ میں کچی آبادیوں کے سامنے دیوار بنا کر چھپانے کی کوشش بھی ہورہی ہے۔ 24فروری کو امریکی صدر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ احمد آباد شہر میں جہاں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے وہیں شہر کی بدحالی اور گندگی کو چھپانے کے لئے اسٹیڈیم کے ساتھ دیوار بھی تعمیر کی جارہی ہے۔ دیوار کے اس طرف مودی کے بھارت کی حقیقی تصویر ہے جسے ٹرمپ سے چھپایا جائے گا۔ گندگی کے ڈھیر ، کچی آبادی جہاں لوگوں کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں۔ ٹرمپ اس روٹ سے گزریں گے لیکن دیوار کے اس پار نہیں دیکھ سکیں گے۔ 4 سو میٹر لمبی اور 7 فٹ چوڑی دیوار کو بنانے کے لئے 150 مستری دن رات کام کررہے ہیں جس کے دوسری طرف گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں۔ کچی بستی آباد ہے جہاں 800 خاندان رہائش پذیر ہیں۔ بستی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ غربت اور گندگی ان کی زندگی کی حقیقت ہے جسے مودی ٹرمپ سے چھپانا چاہتے ہیں۔ 24 فروری کو ٹرمپ ریلی کی صورت احمد آباد آئیں گے اور اسٹیڈیم میں خطاب کریں گے۔