Thursday, March 28, 2024

مودی کی پاکستان آمد کے خلاف جماعت اسلامی سڑکوں پر آگئی

مودی کی پاکستان آمد کے خلاف جماعت اسلامی سڑکوں پر آگئی
December 25, 2015
لاہور(92نیوز)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان آمد پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ساتھ پاکستانی حکمرانوں کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے۔ تفصیلات کےمطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے لاہور ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد جماعت اسلامی کے کارکن امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قیادت میں بینرز اور فلیکسز اٹھائے وحدت روڈ پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی مظاہرین نے گو مودی گو کے نعرے لگائے۔ امیر جاعت اسلامی سراج الحق نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر  آزاد نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاک بھارت دوستی نہیں ہو سکتی  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اپنا قبلہ درست کریں۔ احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگئی جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔۔ دوسری جانب لاہور پریس کلب کے سامنے یوتھ فورم فار کشمیر کی جانب سے بھی نریندر مودی کی پاکستان آمد پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے لگائے گئے۔