Friday, April 19, 2024

مودی کی مکاری‘ پاکستانی دریاﺅں کا پانی بند کرنے کیلئے اجلاس بلا لیا

مودی کی مکاری‘ پاکستانی دریاﺅں کا پانی بند کرنے کیلئے اجلاس بلا لیا
September 26, 2016
نئی دہلی (92نیوز) جھوٹی اور مکار مودی سرکار کو جنگ کی ہمت تو نہ ہوئی اب ایک اور گھناونے وار کی تیاری شروع کر دی۔ بھارت پاکستان کے دریاوں کا پانی روکنے کا خواب دیکھنے لگا ہے۔ مودی نے سندھ طاس معاہدے پر غور کے لیے اپنے مشیروں اور اعلیٰ حکام کا اجلاس بلا لیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو اپنی طاقت پر اتنا گھمنڈ ہے کہ وہ بھول گیا ہے کہ تکبر نے تو بڑے بڑے برج الٹ دیے۔ کشمیر میں غنڈا گردی پھر جنگ کی ناکام کوششیں۔ جب اس پر بس نہ چلا تو بدمعاشی کا ایک اور طریقہ ڈھونڈ لیا اور پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے اقدامات شروع کر دیے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اداروں کو سندھ طاس معاہدے میں تبدیلیوں کے لیے ورکنگ کی ہدایت کردی ہے۔ ساتھ ہی دریائے چناب پر قبضے اور سندھ طاس معاہدے میں تبدیلی کےلئے اہم اجلاس بھی طلب کرلیا۔ معاہدے میں تبدیلی کےلئے شاطر بھارت بیک ڈور ڈپلومیسی بھی کررہا ہے اس کے لئے اس نے ورلڈ بینک اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ بھارت دریائے چناب پر زیرتعمیر متنازع منصوبوں پر کام تیز کرنے کا منصوبہ بھی بنارہا ہے۔ مودی سرکارنے لوک سبھا میں سندھ طاس معاہدے میں تبدیلی اور دریائے چناب پر قبضے کےلئے بل لانے پر غور شروع کردیا ہے حالانکہ 19 ستمبر 1960ءکو اس وقت کے بھارتی وزیراعظم جواہر لعل نہرو اور پاکستان کے صدر فیلڈ مارشل ایوب خان کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں دونوں ممالک کو اس بات کا پابند کیا گیاہے کہ وہ معاہدے یا کسی بھی ڈیم میں تبدیلی کے لیے دوسرے ملک سے منظوری لے گا۔ دوسرے فریق کے متفق نہ ہونے کی صورت میں عالمی بینک ثالث کا کردار ادا کرتے ہوئے معاملہ طے کرے گا۔