Saturday, April 20, 2024

مودی کی سوچ اصل میں بھارت کی تباہی ہے، وزیراعظم عمران خان

مودی کی سوچ اصل میں بھارت کی تباہی ہے، وزیراعظم عمران خان
June 26, 2020
مظفر آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مودی کی سوچ اصل میں بھارت کی تباہی ہے، موجودہ دور میں کشمیریوں پر ظلم بڑھ گیا، یہ لوگ کشمیریوں کی نسل کشی پر جا رہے ہیں، دنیا کو آر ایس ایس کے مظالم سے آگاہ کیا، کشمیر کے حالات کو پوری دنیا میں لے کرجاؤں گا، بھارت میں ٹارگٹ مسلمان ہیں، تاہم عیسائیوں پر بھی ظلم کیا گیا، یہ خود کو دوسروں سے اعلیٰ سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے دورہ مظفر آباد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی سوچ کا تبھی پتہ چل گیا تھا جب اس نے گجرات میں ظلم ڈھائے، نریندر مودی کی جماعت ہٹلر کی نازی پارٹی کی جانشین ہے، ہٹلر کی نازی پارٹی نے جرمنی میں یہی کچھ کیا تھا جو آج مودی مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ کشمیریوں پر 8لاکھ فوج کو مسلط کررکھا ہے، نریندرمودی سب کچھ ایک پلان کے مطابق کررہا ہے۔ مودی کی جماعت مسلمانوں کے بعد سکھوں کے پیچھے جائیگی۔ کشمیری جس مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ان کیلئے دعا گو ہیں۔ جب بھارتی فورسز کسی کشمیری کو شہید کرتی ہیں تو مزید نوجوان کھڑے ہوجاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے دنیا میں بھرپور طریقے سے کشمیر کا ایشو اٹھا دیا تھا، ہم جب ملک میں واپس آئے تو یہاں کچھ لوگ آزادی مارچ کے نام پر کشمیر کے ایشو کو سبوتاژ کررہے تھے، کورونا کی وجہ سے ہماری آمدن اتنی نہیں ہوئی جتنی ہونی چاہئے تھی، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کا بجٹ اس کے باوجود ہم نے کم نہیں کیا بلکہ بڑھایا ہے، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آزاد کشمیر میں کس کی حکومت ہے، ہم سے جتنا بھی ہوسکا ہم آزادکشمیر کی مدد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا دنیا میں کشمیریوں کا سفیر بنوں گا، یہ جماعت مسلمانوں کو ٹارگٹ کررہی ہے بعد میں یہ سکھوں کے پیچھے بھی جائیں گے، مودی جو کچھ کر رہا ہے اصل میں یہ ہندوستان کی تباہی ہے، کشمیری جس مشکل حالات سے گزر رہے ہیں ان کیلئے دعا گو ہیں، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبے کو ختم نہیں کرسکتی۔ وزیراعظم بولے کہ میں خود کشمیر کے حالات کو پوری دنیا میں لے کر جاؤں گا، 5 اگست سے پہلے دنیا میں پاکستانی اور کشمیریوں کو تیار کریں گے، ہم پوری دنیا کو 5 اگست کے حوالے سےآگاہ کریں گے۔ اللہ نے ہمیں ان لوگوں کی مدد کرنے کا موقع فراہم کیا جومشکل میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت کشمیر میں 12 لاکھ افراد کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا۔ جب کسی گھر میں بیماری آتی ہے تو وہ خاندان غربت کی لکیر سے نیچے چلا جاتا ہے، فاٹا سمیت جو لوگ بھی پیچھے رہ گئے ہیں ان سب کو ہیلتھ کارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔