Sunday, September 8, 2024

مودی کی جشن آزادی کی تقریرمیں کشمیریوں کو گلے لگانے کی پیشکش

مودی کی جشن آزادی کی تقریرمیں کشمیریوں کو گلے لگانے کی پیشکش
August 15, 2017

نئی دہلی (ویب ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بغل میں چھری منہ میں رام رام کا ایک اور عملی مظاہرہ  سامنے آگیا۔ایک طرف کشمیریوں کو  گلے لگانے کا کہتے رہے  اور دوسری جانب کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ منانے پر پوری مقبوضہ وادی کو کرفیو لگاکر  فوجی قلعے میں تبدیل کردیا۔

تفصیلات کےمطابق آزادی کے لیے بہنے والے بے گناہ  کشمیریوں کے خون  او ر نوجوانوں کی پرجوش تحریک  پر  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کو دکھانے کیلئے جھوٹ اور فریب کا نیا جال پھینک دیا۔ نئی دہلی میں لال قلعے کے سامنے 70ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی کاکہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ نہ تو گولی سے حل ہوگا اور نہ ہی گالی سےکشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کو گلے لگانے سے حل ہوگا۔ دوسری جانب  کشمیر کی حریت قیادت کی جانب سے بھارت کے یوم آزادی کو ہر سال کی طرح یوم سیاہ قرار دینے پر بھارتی سرکار کی نیندیں اڑ گئیں جس نے لوگوں کو احتجاج سے روکنے کیلئے مقبوضہ وادی میں کرفیو لگا دیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی متعدد حریت رہنمائوں کو جیلوں یا گھروں میں بند کردیا گیا ہے تاہم کشمیریوں نے اپنے گھر دکانیں کاروباری مراکز ٹرانسپورٹ بند رکھ کر مودی کو  آئینہ دکھاتے ہوئے انکے دو رخے چہرے کو بے نقاب کردیا۔