Saturday, April 27, 2024

مودی کو نوازشریف نے اپنی نواسی کی شادی پر بلایا ، مراد سعید

مودی کو نوازشریف نے اپنی نواسی کی شادی پر بلایا ، مراد سعید
August 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے اپوزیشن کی کلاس لے لی اور کہا مسلمانوں کے قاتل مودی کو نوازشریف نے اپنی نواسی کی شادی پر بلایا، آپ بھارت گئے تو حریت رہنماؤں سے نہیں ملے۔ کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایوان سے پیغام جانا چاہئے کہ کشمیر ہمارا ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر چین ایک قدم آگے گیا ۔ شہباز شریف سے پوچھا کہ بھارت پر حملہ کر دیں۔ شہباز شریف بیٹھ گئے کہ جنگ نہیں چاہتے ۔ یہی مودی مسلمانوں کا قاتل ہے۔ مودی کو اپنی نواسی کی شادی پر نوازشریف نے ہی بلایا تھا۔ سجن جندل بغیر ویزا کے مری تک پہنچ گیا۔ ان کی ترجیح پاکستان نہیں، ذاتی تعلقات ہیں۔ مراد سعید نے کہا پاکستان میں سفارتی ایمرجنسی لگا دی گئی ہے ۔ وزیراعظم اکیلا کچھ نہیں کر سکتا۔ اپوزیشن کی سپورٹ چاہئے ۔ دنیا کو دکھانا ہے اور کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہے۔ کچھ دیر کیلئے سیاسی بیانات بھول جائیں۔ اس وقت کشمیری اور عالم اسلام ہمیں دیکھ رہا ہے۔ مراد سعید نے کہا زرداری صاحب کشمیر اور بنگلہ دیش سے متعلق بڑی خطرناک بات کر گئے۔ آصف زرداری سے متعلق ریمارکس پر ایوان میں شور شرابا شروع ہو گیا۔ پرویز اشرف نے کہا ایوان میں کشمیر پر بات ہورہی ہے اور حکومت روایتی پوائنٹ اسکورنگ پر آگئی ۔ وزیر کی اتنی عمر نہیں جتنے لوگوں کے تجربے ہیں۔ دنیا کو غلط پیغام گیا تو یہ بہت افسوس ناک بات ہو گی۔ مراد سعید نے جواب میں کہا اللہ کا شکر ہے میرا آپ جیسا تجربہ نہیں۔