Friday, April 26, 2024

مودی کو بعد میں پتہ چلے گا کہ اس نے غلطی کی ہے، پرویز الہیٰ

مودی کو بعد میں پتہ چلے گا کہ اس نے غلطی کی ہے، پرویز الہیٰ
September 25, 2018
گجرات (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ  مودی نے جو دھمکی دی ہے ، اس کو بعد میں پتہ چلے گا کہ اس نے غلطی کی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی کی 37 ویں برسی کے موقع پر گجرات میں ظہور پیلس میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے شرکت کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے پاکستان کو دھمکی دی ، اس کی غلطی کا احساس اس کو بعد میں ہو گا۔ کشمیر ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے، بات چھپانے کیلئے یہ پاکستان کو دھمکی دے رہے ہیں۔ پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے، مودی یادرکھے اب یہاں وزیراعظم عمران خان ہیں،اس کادوست جا چکا اور ملکی حفاظت کیلئے سب متحد ہو کر بھارت کیخلاف لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ ن لیگ کی سیاست جھوٹ اور فریب کی تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ دس سال اللہ کے فضل اور آپ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے ہم دوبارہ کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پر بہت زیادتیاں کی گئی لیکن آج ہم اپنے ساتھ ہونے والی تمام زیادتیوں کو درگزر کرتے ہیں۔ ظہور الٰہی کی برسی کی تقریب سے سالک حسین اور حسین الٰہی نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے آخر پر ظہور الٰہی کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی گئی ۔