Tuesday, May 7, 2024

مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم عمران خان کا بھارت کو دو ٹوک پیغام

مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم عمران خان کا بھارت کو دو ٹوک پیغام
August 14, 2019
مظفر آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، کسی بھی جارحیت کا سبق سکھا کر انکا تکبر خاک میں ملا دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے خصوصی خطاب میں کہا آزاد کشمیر میں بھارت کے ممکنہ ایکشن کی اطلاعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی ایکشن لے کر تو دیکھے، پاکستان کشمیر کیلئے آخری حد تک جائے گا۔ پاکستانی فوج تیار ہے ہم مقابلہ کریں گے، مودی نے کشمیر پر اپنا آخری کارڈ کھیلا جو اسے مہنگا پڑے گا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے یوم آزادی کے دن کشمیری بھائیوں کےساتھ ہوں، اس وقت جب سب سے بڑا بحران ہمارے کشمیریوں پر ہے، میں نے پہلی مرتبہ بی جے پی اور مودی کی اصل شکل کو دنیا کے سامنے رکھا، بھارت سے ہمارے سامنے ایک مفادات کی کشمکش نہیں چل رہی بلکہ ہم ایک نظریے کے خلاف کھڑے ہیں اور یہ زیادہ خوفناک ہے، جب آپ ایک نظریے کے خلاف جنگ کریں تو وہ ایک مختلف چیز ہے اور اس کے حل الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے ایک خوفناک نظریہ کھڑا ہے، جو آر ایس ایس کا نظریہ ہے جس کا مودی بچپن سے ممبر ہے، آر ایس ایس نے اپنا نظریہ ہٹلر کی نازی پارٹی سے لیا، اس نظریے کے پیچھے مسلمانوں کے خلاف نفرت ہے، یہ لوگ عیسائیوں سے بھی نفرت کرتے ہیں کہ انہوں نے بھی ان پر حکومت کی، آر ایس ایس نے ماضی میں اپنے لوگوں کے ذہنوں میں ڈالا ہے کہ مسلمان حکومت نہ کرتے تو ہم ایک عظیم قوم بننے جارہے تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نظریے میں انہوں نے مسلمانوں کی نسل کشی بھی رکھی ہوئی ہے، یہ نظریہ ہم سمجھ جائیں تو بہت چیزیں سمجھ آجائیں گی، قائد اعظم اسی لیے پاکستان کی تحریک پر گئے کیونکہ سمجھ گئے تھے کہ یہ جو آزادی مانگ رہے ہیں وہ ہمارے لیے نہیں، انہوں نے مسلمانوں کے خلاف نفرت دیکھ لی تھی، اس نظریے نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا اسی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، مقبوضہ کشمیر پر جو ظلم کیے وہ اسی نظریے کے تحت تھا، مودی نے جو کارڈ کھیلا وہ اس نظریے کا فائنل حل تھا۔
کشمیر کی دنیا میں آواز اٹھانے والا سفیر بنوں گا
وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ خود لڑنے کا اعلان کردیا۔ خود کو کشمیریوں کا سفیر قراردیتے ہوئے کہا۔وہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ کے سامنے ذمہ داری لیتا ہوں کہ کشمیر کی دنیا میں آواز اٹھانے والا سفیر بنوں گا، ہمیں دنیا کو آگاہ کرنا ہے کہ آر ایس ایس کا نظریہ کیا ہے، دنیا نے نازی ظلم کے بعد بڑے قدم اٹھائے، اقوام متحدہ بنی، دنیا میں جو تباہی مچی تو دنیا نے فیصلہ کیا کہ اب نہیں ہونا چاہیے، دنیا نہیں جانتی یہ جو آر ایس ایس کا نظریہ ہے یہ اتنا ہی خطرناک ہے، ان کے بیمار ذہنوں میں نفرتیں بھری ہیں، دنیا بھارت کو برداشت والا ملک سمجھتی تھی اور پاکستان کو ہمیشہ دہشگرد کہتے تھے، اب اس نظریے کا سب سے بڑا نقصان بھارت کو ہوگا۔
وزیراعظم کا کشمیر کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کا اعلان
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم نے اقوام متحدہ کو درخواست دے دی ہے اور اب عالمی عدالت انصاف سمیت دنیا کے ہر فورم پر جائیں گے، کشمیری کمیونٹی کو متحرک کریں گے اور لندن میں کشمیر کے لیے تاریخی لوگ نکلیں گے،جنرل اسمبلی میں وہ پبلک نکلے گی جو ان لوگوں نے کبھی نہیں دیکھی ہوگی، سب سے زیادہ میں اسے پروموٹ کروں گا، ہر فورم پر اٹھاؤں گا، اللہ سے امید رکھتے ہی جو کشمیر میں ہوا اس کے بعد صرف یہ آزادی کی طرف جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو پھر کہتا ہوں کہ بالکل غلط فہمی میں نہ رہیں، آپ نے جو کشمیریوں کے ساتھ کیا ہے، قانون پاس کرکے کیا وہ ہاتھ کھڑے کردیں گے، اب کشمیری بھی تگڑے ہوچکے ہیں، موت کا خوف ان میں سے چلا گیا، جس طرح وہ نکلے ایسے نڈر قوم نکلتی ہے، مودی اس قوم کو غلام نہیں بناسکیں گے، جو آزاد کشمیر پر سوچا ہوا ہے اس کے لیے تیار ہوجائیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وقت آگیا ہے آپ کو ایک سبق سکھائیں۔ یاد رہےکہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے۔