Thursday, April 25, 2024

مودی پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو

مودی پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو
November 30, 2019
کراچی (92 نیوز) مودی پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو کہتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پیپلز پارٹی خاموش نہیں رہ سکتی، خود کو کشمیریوں کا سفیر کہلانے والا کسی فورم پر کشمیرکی بات نہیں کر سکا، مودی کا چہرہ بے نقاب کرنے پر کہا گیا یہ امن پسند نہیں ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس کشمیر کے نام کرتے ہیں۔ بھٹو شہید نے اقتدار قربان کر دیا مگر کشمیر پر سودا نہیں کیا، کشمیریوں کا اگر کوئی سفیر رہا ہے تو وہ ذوالفقار بھٹو شہید ہے، بھٹو شہید نے اقوام متحدہ میں کشمیر کی رائے شماری کی جدو جہد لڑی، بھٹو کی شہادت پر سری نگر میں بھی احتجاج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا وزیراعظم کہتا ہے کہ میں کیا کروں، بھارت نے کشمیر پر جو حملہ اب کیا ہے وہ گزشتہ 72 سالوں سے نہیں ہوا، کشمیری روز اول سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا مودی انتہا پسند ہے اس سے بات نہیں ہو سکتی، ہمارا وزیراعظم مودی کے جیتنے کی دعا مانگتا تھا، آج کہتا ہے مودی آر ایس ایس کا کارندہ ہے، مودی کی جہالت کی سزا انڈیا کی کئی نسلیں بھگتیں گی۔ چیئرمین پی پی کہتے ہیں پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں جمہوری روایات کو فروغ دیا، ہم نے 5 سال بعد پر امن انتقال اقتدار کی روایت ڈالی، جمہوریت کیلئے ہم نے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جمہوریت کیلئے ہم نے شہادتیں قبول کیں، یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں صدر ہائوس آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے۔ کیسی جمہوریت ہے جس میں پارلیمنٹ کو تالے لگ چکے ہیں۔ بلاول بھٹو مزید بولے کہ پوری حکومتی مشینری 3 ماہ میں ایک نوٹی فکیشن نہیں بنا سکی، بلاول جو ایک سمری درست نہیں بنا سکتے وہ 6 ماہ میں پارلیمان میں کیسے اتفاق رائے پیدا کریں گے، سب کو ملکر اس ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہو گا، کوئی اس ملک میں مقدس گائے نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بی بی شہید کی برسی اسی جگہ منائیں گے جہاں شہادت قبول کی،کسی صورت سی پیک کو متنازعہ نہیں بننےدیں گے،بلاول عوامی راج قائم کرناہوگا اور سلیکٹڈ کو گھر بھیجناہوگا۔