Thursday, March 28, 2024

مودی نے مسئلہ کشمیر پر مدد کی درخواست کی ، ٹرمپ کے دعوے نے بھارت ہلا دیا

مودی نے مسئلہ کشمیر پر مدد کی درخواست کی ، ٹرمپ کے دعوے نے بھارت ہلا دیا
July 23, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے وائٹ ہاؤس میں  ملاقات کے دوران  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مسئلہ کشمیر پر مدد کی درخواست کی ۔ ٹرمپ کی جانب سے دعوے نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا جس کے بعد  بھارتی میڈیا نے امریکی صدر کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کر دیا، صحافیوں اور سیاستدانوں کے سوالات پر بھارتی حکومت درخواست سے ہی مکر گئی۔ بزرگ حریت رہنما سید علی نے کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے پاکستانی وزیر اعظم سے مثبت رویہ اپنایا گیا ، ٹرمپ نے عمران خان کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کی ، الٹی گنگا بہتی دیکھ کر بھاتیوں کی نیندیں اڑ گئیں ۔

بھارتی میڈیا نے ٹرمپ کو بازاری قرار دیدیا

بھارتی میڈیا نے امریکی صدر کو پاکستان کے حق میں بات کرنے پر بازاری قرار دے دیا ، نام نہاد تجزیہ کاروں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کی زبان بولنا شروع کردی ہے۔ بھارتی صحافی سہاسنی حیدر بھی مسئلہ کشمیر کے ذکر پر سسٹپٹا اٹھیں، اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واضح کریں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کیا معاملہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کردی

مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت ڈونلڈ ٹرمپ کو جھوٹا قرار دے گی  یا بھارت نے مسئلہ کشمیر پر تیسرے فریق کی شمولیت کے حوالے سے اپنی پالیسی بدل لی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار تو ایسی کسی درخواست سے ہی مکر گئے، کہتے ہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی، مسئلہ کشمیر پر بھارت کا مستقل مؤقف رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات دونوں ملک باہمی طور پر طے کریں گے۔ بھارت کے سابق وزیر ششی تھرور نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو بالکل بھی اندازہ نہیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں ، یا تو انھیں بریفنگ نہیں دی گئی یا وہ نہیں سمجھ پائے کے مودی نے ثالثی کے حوالے سے بھارتی مؤقف کیا دیا تھا۔ امریکا کی جانب سے ثالثی کی پیشکش پر بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں پہلا لیڈر دیکھ رہے ہیں جس نے ہم نہتے کشمیریوں کیلئے آواز اُٹھائی، امریکا کو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی جموں اینڈ کشمیر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے بھی صدر ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔