Sunday, May 19, 2024

مودی سن لو ! صبر کا پیمانہ اب لبریز ہونے کو ہے ، شاہ محمود قریشی

مودی سن لو ! صبر کا پیمانہ اب لبریز ہونے کو ہے ، شاہ محمود قریشی
October 7, 2019
ملتان ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سن لو ! صبر کا پیمانہ اب لبریز ہونے کو ہے ، بھارتی حکومت فی الفور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹائے ۔ ملتان میں حضرت بہاؤا لدین زکریا  کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے آخری دن خطاب کرتےہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  بھارتی فورسز مقبوضہ وادی میں پیلٹ گن  ، چھروں سے معصوم  کشمیریوں کو  نشانہ بنا رہی ہے جس سے سینکڑوں  کشمیری نا بینا ہو چکے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی درست صورتحال سامنے لانے کیلئے میڈیا کی آزادی بحال کی جائے ، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار اس کا عملی مظاہرہ بھی کرے ،اور آنے والے جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد کے تالے کھول دے ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ نریندر مودی سن لو ، وہ وقت قریب ہے جب مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے ، مجھے یقین ہے کہ قوم اس دھوکے کو بے نقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیگی اور کشمیر آزاد ہو گا۔