Tuesday, May 21, 2024

مودی سرکار کا ناپاک منصوبہ، مقبوضہ کشمیر میں 28 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار بھیجنے کا فیصلہ

مودی سرکار کا ناپاک منصوبہ، مقبوضہ کشمیر میں 28 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار بھیجنے کا فیصلہ
August 2, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک دبانے میں ناکام بھارت کا ایک اور ناپاک منصوبہ سامنے آ گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی آواز کو دبانے کے لیے 28 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکاروں کو بھیجا جائے گا۔ نہتے مظلوم کشمیریوں کو دبانے اور آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے  مودی  حکومت  اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور مزید بھارتی  اہلکار مقبوضہ کشمیر بھیج رہی ہے۔ بیشتر اہلکاروں کا تعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس سے  ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زیادہ تر اہلکاروں کو سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے دوسرے حصوں میں تعینات کیا جائے گا تاہم  بھارتی حکومت ابھی تک اتنی بڑی تعداد میں سپاہیوں کی تعیناتی کی وجہ نہیں بتا پائی۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو سری نگر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔ بھارتی حکومت پچھلے ہفتے بھی 10 ہزار فوجی بھیج چکی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں حریت پسندوں سے لڑائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ لڑائی کا آغاز اس وقت ہوا جب ظالم بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا۔