Wednesday, April 24, 2024

مودی حکومت کے آنے کے بعد کشمیر میں مظالم بڑھ گئے ہیں ، وزیر اعظم

مودی حکومت کے آنے کے بعد کشمیر میں مظالم بڑھ گئے ہیں ، وزیر اعظم
September 29, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا خدشہ ظاہر کر دیا ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد کشمیر میں مظالم بڑھ گئے ہیں۔ سی این این کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا اسی لاکھ سے زائد کشمیری گزشتہ چھپن روز سے محصور ہیں۔ جو کچھ وادی میں ہو رہا ہے  دنیا کو اس کی سنگینی کا اندازہ نہیں ۔ خدشہ ہے جب کرفیو اٹھے گا تو قتل عام ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل  کیلئے بہترین پوزیشن میں ہیں لیکن مودی  مسلسل انکار کر رہا ہے ۔ مودی جانتا ہے کہ  اگر مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا تو  دیگر ممالک کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور   وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا احساس ہو جائے گا۔ امریکا ایران تنازع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ خطہ جہاں پہلے ہی کئی تنازعات میں سلگ رہا ہے، اب کسی اور تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عمران خان نے کہا کشیدگی کے خاتمے کیلئے امریکی صدر ٹرمپ اور ایرانی صدرحسن روحانی سے بات چیت کی ہے ۔اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے۔