Thursday, April 18, 2024

مودی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف بھارتی کسانوں کا 16 ویں روز بھی احتجاج

مودی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف بھارتی کسانوں کا 16 ویں روز بھی احتجاج
December 11, 2020

نئی دہلی (92 نیوز) مودی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کیخلاف بھارتی کسانوں کا احتجاج 16 ویں روز بھی جاری ہے، شدید سردی کے باوجود دہلی کے سنگھو اور تکری بارڈرز پر ہزاروں کسانوں کا دھرنا۔ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے نے سکھ مظاہرین کےخوف سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی۔

مودی سرکار اور بھارتی کسانوں کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ناکام ہونے کے بعد احتجاج میں شدت آ گئی ہے، شدید سردی کے باوجود دہلی کے سنگھو اور تکری بارڈرز پر ہزاروں کسانوں کا دھرنا جاری ہے۔ کسانوں کا ایک گروپ احتجاجا قمیضیں اتار کر نعرے لگاتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوا۔

کسان رہنماؤں کا کہنا تھا، مودی سرکار نے ان کے مطالبات نہ مانے تو اب ریلوے ٹریک پر دھرنے دیں گے۔

لدھیانہ شہرمیں خواتین نے بھی مودی سرکار کے خلاف احتجاج کیا، بھارتی میڈیا کے مطابق کسانوں کے معاملے پر ہریانہ میں بی جے پی کی اتحادی حکومت میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، جنایک جنتا پارٹی کے متعدد ارکان کسانوں کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں، جبکہ اپوزیشن کی کئی جماعتیں پہلے ہی کسانوں کی حمایت کر رہی ہیں۔

لندن میں مقیم سکھ کمیونٹی نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہروں کی کال دے دی ہے جس کے بعد کمیشن کے عملے نے ڈر کے مارے سکاٹ لینڈ یارڈ سے سکیورٹی مانگ لی، بھارتی ہائی کمیشن کے چاروں اطراف کمانڈوز تعینات کر دئیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے کمیشن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔