Friday, April 19, 2024

مودی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ڈیلٹا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا، فواد چودھری

مودی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ڈیلٹا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا، فواد چودھری
August 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِاطلاعات فواد چودھری نے کوویڈ کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع کی ذمہ دارمودی حکومت کو قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ، مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈیلٹا وائرس پوری دنیا میں پھیل گیا۔

ہفتہ کے روز دوران تقریب گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، مودی نے بھارت کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے، جب ہم کورونا وائرس کو شکست دینے کے قریب پہنچ چکے تھے تو مودی حکومت کی پالیسیوں نے پوری دنیا کو مشکل میں ڈال دیا۔

فواد چودھری نے کہا، ملک کے ہر شہر میں بھرپور طریقے سے جشن آزادی منایا گیا، آزادی کے 74سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اپنے جیٹ طیارے بنا رہے ہیں۔ پاکستان دنیا کی چند ایٹمی پاورز میں شامل ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کچھ لوگوں کو مایوسیاں پھیلانے کی عادت ہے، آزادی اور غلامی میں فرق دیکھنا ہے تو ہندوستان میں مسلمانوں کا حال دیکھ لیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو دیکھ کر آزادی کی نعمت کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ عمران خان ملک کو جیسے آگے لے کر جارہے ہیں، اس سے ملک مستحکم وخوشحال ہوگا۔

وزیراطلاعات بولے کہ، پاکستان افغانستان کی صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہے افغان انتخابات ملتوی کرنے کی عمران خان کی تجویز مان لی جاتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔ ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن ہو، بدلتی صورتحال پر ہماری گہری نظر ہے۔