Tuesday, April 16, 2024

مودی حکومت کا اپنی ہی ایئر فورس کو ساڑھے پنتالیس ہزار کروڑ کا ٹیکہ

مودی حکومت کا اپنی ہی ایئر فورس کو ساڑھے پنتالیس ہزار کروڑ کا ٹیکہ
February 12, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) مودی حکومت نے اپنی ہی ایئر فورس کو ساڑھے پنتالیس ہزار کروڑ کا ٹیکہ لگا دیا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کو سوا چھ بلین ڈالر کا ٹھیکہ دیا۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارتی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کو 6.25 بلین ڈالر ٹھیکے سے نوازا اور تیجا جہاز لینے پر مجبور کیا۔ تیجا جہازوں کو بھارتی بحریہ پہلے ہی تکنیکی مسائل کی بنیاد پر مسترد کر چکی ہے۔ تیجا جہاز بھارتی مگ 21 جہازوں کے نعم البدل کے طور پر متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ 1970 کے بعد سے مگ 21 کے حادثات میں 170 سے زائد پائلٹ اور 40 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

مگ21 کے فرسودہ بیڑے کی جگہ تیجا جہازوں کو لایا گیالیکن اب تک 60 فیصد تیجا طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں۔ مودی حکومت اور بھارتی ایئر فورس کا 27 فروری 2019 کو تیجا جہاز استعمال نہ کرنا اس پروجیکٹ کی ناکامی کا عکاس ہے۔

دنیا میں خود کو چین کا متبادل اور مقابل سمجھنے والا بھارت 26 سال میں اپنے تیار کردہ جہاز کی کینوپی کا فالٹ تک درست نہ کر پایا۔ بھارتی ایوی ایشن سسٹم انڈسٹری اپنی غیر معیاری پیداوار اور دہایوں پر محیط اپنی مسلسل نا کامیوں اور نا اہلیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں بد نام ہے۔

اس کے مقابلے میں پاکستان کے شاہنیوں نے پاکستان میں بنائے جانے والے جے ایف 17 تھندڑ طیاروں سے 26 اور 27 فروری 2019 کو بھارتی سورمائوں کا خواب چکنا چورکر دیا۔ پاک فضائیہ کے جانبازوں نے ایک ایس یو 30 اور ایک مگ 21 کو گرا دیا۔

پاکستان کی یہ کامیابی جہاں پاکستان ایوی ایشن انڈسٹری کی مہارت اور پیشہ وارانہ کارکردگی کا ثبوت ہے وہیں بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری پر ایک سوالیہ نشان بھی ہے۔