Saturday, April 20, 2024

مودی حکومت سنجیدہ ہوتی تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہوچکا ہوتا، وزیر اعظم

مودی حکومت سنجیدہ ہوتی تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہوچکا ہوتا، وزیر اعظم
February 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی حکومت سنجیدہ ہوتی تو مسئلہ کشمیر کب کا حل ہوچکا ہوتا۔ بیلجئم نیوز چینل کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ خوش قسمتی سے آج حالات درست سمت میں جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بیلجئم نیوز چینل وی آرٹی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تجارت اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کررکھا ہے ۔نوجوانوں کو جیلوں میں ڈالا جارہا ہے .انہوں نے کہا بھارت میں ہندوتوا ذہنیت کا قبضہ ہے ۔بھارت کی موجودہ حکومت غیر سنجیدہ ہے جن سے مسئلہ حل ہونے کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔ افغانستان سے متعلق  وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسوقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین مقیم ہیں.پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ خوشقسمتی سے آج حالات درست سمت کی جانب جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے اور ملک چلانے میں فرق ہوتا ہے.جن ممالک میں ادارے مضبوط ہوں، انہیں چلانا آسان اور جہاں بدترن معاشی حالات ہوں، انہیں چلانا مشکل ہوتا ہے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سیاحت کیلئے مثالی ملک ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے 70 ممالک کو ائیر پورٹ پر ویزا کی سہولت دی گئی ہے۔