Friday, April 26, 2024

مودی حکومت اور بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا فلاپ

مودی حکومت اور بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا فلاپ
August 23, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے فہرست سے نکلنے کے معاملے پر مودی حکومت اور بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا فلاپ ہو گیا۔ بھارت کی ایشیا بحرالکاہل گروپ میں پاکستان کی مزید تنزلی کیلئے مذموم کوششیں  بھی ناکامی کا شکار ہو گئیں۔ ایشیاء بحرالکاہل گروپ کا 22 واں چھ روزہ جائزہ اجلاس 18 سے 23 اگست تک کینبرا ، آسٹریلیا میں ہوا۔ پاکستان نے گزشتہ سال 2018ء کی فروری تا اکتوبر کے اقدامات پر مبنی جائزہ رپورٹ پیش کی ۔ اجلاس نے دو روزہ غور کے بعد پاکستان ، چین، سنگاپور، تائپے ،فلپائن اور سولومن جزائر سمیت چھ ممالک کی تفصیلی جائزہ رپورٹس کی منظوری دی۔ اجلاس میں جائزہ کے طریقہ کار میں تبدیلی اور دہشتگردی کی مالی معاونت کی روکتھام کیلئے آپریشن پلان کی بھی منظوری دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں منی لانڈرنگ، دہشتگردی کی مالی معاونت کیخلاف پاکستان کی انتھک کاوشوں اور اقدامات کو سراہا گیا جبکہ جائزہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ بھارت نے پاکستان کی مزید ایک درجہ تنزلی کیلئے مکروہ سازشیں کیں ۔ مودی کا آلہ کار بھارتی میڈیا پاکستان کی بلیک لسٹنگ کی من گھڑت ، جھوٹی اور بے بنیاد خبریں چلاتا رہا لیکن بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ۔ سفارتی ذرائع کہتے ہیں ایشیاء بحرالکاہل گروپ کسی ملک کو بلیک لسٹ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ بھارتی میڈیا میں شائع یا نشر کی جانے والی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔ بھارتی میڈیا پاکستان کو بدنام کرنے کی مضموم مہم کا حصہ ہے۔