Friday, May 17, 2024

مودی جتنا مرضی ظلم کر لے کامیاب نہیں ہو گا، وزیر اعظم عمران خان

مودی جتنا مرضی ظلم کر لے کامیاب نہیں ہو گا، وزیر اعظم عمران خان
September 13, 2019

مظفر آباد (92 نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کہتے ہیں بھارت کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، مودی بچپن سے آر ایس ایس کا رکن ہے اور اس کے دل میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت بھری ہے۔

مودی جتنا مرضی ظلم کر لے کامیاب نہیں ہو گا، ان خیالات کا اظہار مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی جلسہ میں دوران خطاب کیا۔

انہوں نےکہا کہ میرے کشمیریو! شاندار استقبال پرآپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں نے کشمیر کا سفیر بننے کا فیصلہ کیا ہے، سب سے پہلے پاکستانی پھر مسلمان اور پھر میں ایک انسان ہوں، کشمیر کا مسئلہ اس وقت انسانیت کا مسئلہ ہے۔40روز سے کشمیری بھائی بہنیں بزرگ اوربچے کرفیو میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مودی کو یہاں سے پیغام دینا چاہتا ہوں،کشمیر کا مسئلہ لیکرپوری دنیا میں جائوں گا، مودی اور اس کی آر آر ایس جماعت کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے، کشمیر کے جوانوں بچوں اور خواتین کا ڈر ختم ہو گیا ہے۔

کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ ان کی آئیڈیالوجی کے مطابق ہو رہا ہے،بھارت وہ بننے جا رہا ہے جو نہ نہرو چاہتا تھا اور نہ ہی گاندھی،یورپی یونین نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ کشمیریوں کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے، او آئی سی نے بھی کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے۔

اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مقبوضہ کشمیر میں جلسہ کر کے دکھانے کا چیلنج کر دیا، مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ میں انہوں نےکہا کہ مودی تم نے کشمیریوں کو پابند سلاسل کر رکھا ہے، اگر مقبوضہ کشمیر میں شخصی آزادیاں ہیں تو کشمیری رہنما پابند سلاسل کیوں ہیں،

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون سروس بند کیوں ہے، آزاد کشمیر میں  مکمل آزادی ہے، مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ہیں، مزید کہا کہ مودی ہمت ہے تو کرفیو اٹھاؤ۔

ادھر وزیر اعظم آزاد کشمیر نےکہا کہ آرٹیکل 35 اے ختم کرنے کے بعد شملہ معاہدہ نہیں رہا، کشمیریوں کو پورا یقین ہے افواج پاکستان قوم کو مایوس نہیں کریں گی۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں، مودی ہو یا کوئی بھی وہ ہمیں روک نہیں سکتا، ہمیں کوئی خبر نہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیسے زندگی گزار رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا، کشمیر سے متعلق اقدامات اٹھانے پر حکومت پاکستان کو مبارکباد دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اپنی جدوجہد پر قائم رہیں گے جب تک حق خود ارادیت نہیں دے دیا جاتا، پاکستان کے عوام کشمیر کے رشتے کے ساتھ قائم ہیں، آزاد کشمیر کے عوام لائن آف کنٹرول کو پار کرنا چاہتے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں، مودی ہو یا کوئی بھی وہ ہمیں روک نہیں سکتا، ہمیں کوئی خبر نہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیسے زندگی گزار رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا، کشمیر سے متعلق اقدامات اٹھانے پر حکومت پاکستان کو مبارکباد دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں جلسہ میں بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، قومی اور کشمیرکا ترانا بجایا گیا، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظفر آباد جلسہ میں، فنکاروں اور کھلاڑیوں نے بھر پور شرکت کی، شاہد آفریدی، جاوید شیخ، ہمایوں سعید، فاخر، شہزاد رائے بھی موجود تھے، گلوکار فاخر نے ”انڈیا جاجا کشمیر سے نکل جا “،سنایا۔