Friday, April 19, 2024

مودی بھی نیتن یاہو کی طرح خوف و قوم پرستی کارڈ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، عمران ‏خان

مودی بھی نیتن یاہو کی طرح خوف و قوم پرستی کارڈ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، عمران ‏خان
April 10, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی طرح خوف اور قوم پرستی کے کارڈ پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کاکہناہےکہ انہیں لگتا ہے بھارتی وزیر اعظم کی قوم پرست جماعت بی جےپی کےالیکشن جیتنے سےامن مذاکرات کابہترموقع ملےگا ، ان کایہ بھی کہناتھاکہ نریندرمودی اسرائیلی وزیراعظم کی طرح ڈراورقوم پرست جذبات ابھارکرالیکشن جیتناچاہتے ہیں۔

غیرملکی صحافیوں کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  اگربھارت میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوئی تو مقبوضہ کشمیر پر پاک بھارت معاہدہ ہونا مشکل ہوگا کیونکہ کانگریس بی جے پی کے دباؤ کی وجہ سے مذاکرات سےگھبرائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی جیت گئی توشاید مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل آئے۔

رائٹرز کی رپورٹ کےمطابق ان کاکہناتھا مودی کےبھارت میں کشمیر کے مسلمانوں اور عام مسلمانوں کےساتھ اجنبیوں جیسا سلوک برتا جارہا ہے، انہوں نےکبھی سوچا بھی نہیں تھا جو اب بھارت میں ہورہا ہے، وہاں مسلمانوں کےمذہب پر حملہ کیا جارہا ہے،اور مسلمان انتہاپسند ہندوؤں کے حملوں سے پریشان ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بی جے پی کاجموں وکشمیرکے خصوصی قانون کوختم کرنے کا اعلان تشویشناک ہے ،تاہم  مودی حکومت کا یہ بھی الیکشن جیتنے کاایک حربہ ہوسکتاہے۔

عمران خان نے کہا پاکستان  شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔کشمیرسیاسی جدوجہدہےجس کا کوئی فوجی حل نہیں،بھارتی کریک ڈاؤن سے کشمیری ہی مشکلات کا شکارہوتےہیں۔