Thursday, May 9, 2024

مودی بھارت پر گرفت مضبوط کرنا چاہتا ہے ، نیو یارک ٹائمز

مودی بھارت پر گرفت مضبوط کرنا چاہتا ہے ، نیو یارک ٹائمز
December 18, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) بھارت میں متنازعہ شہریت بل کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری  ہے ، امریکی جریدا  نیو یارک ٹائمز لکھتا ہے کہ  مودی بھارت پر اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہ رہے ہیں ، احتجاج کو روکنے کیلئے چھ کروڑ عوام کو انٹرنیٹ سے محروم کردیا گیا۔ شہریت کا متنازعہ قانون فاشسٹ مودی کا بھارت جلانے لگا ، ملک گیر احتجاج میں شدت آگئی ، بھارت کا ہر شہر، ضلع، گاؤں مودی مخالف نعروں سے گونج اٹھا۔ امریکی جریدا نیویارک ٹائمز  بھارتی صورتحال پر اداریہ  لکھتا ہے کہ مودی بھارت پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں احتجاج روکنے کیلئے  چھ کروڑ عوام کو انٹرنیٹ سے محروم کردیا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارت میں رواں برس 93 بار انٹرنیٹ بند کیا گیا ، مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست سےانٹر نیٹ بند ہے ، بھارتی حکام اس کا جواز نفرت انگیز مواد کا پھیلاؤ روکنا دیتے ہیں۔ شیوسینا کے صدر اور مہارشٹر کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے جامعہ ملیا اسلامیہ واقعے کو سانحہ جلیاں والا باغ جیسا قرار دے دیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس طرح سے نوجوانوں میں خوف پھیلارہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکلیش یادیو کا کہنا ہے کہ شہریت کے قانون نے دنیا بھر میں بھارتی امیج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، بی جے پی کی حکمرانی ملک کے مستقبل کیلئے بدقسمتی ہے۔ نئی دہلی میں کشیدہ صورتحال کے باعث شہر کے شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے ، آسام، اترپردیش، مغربی بنگال میں حکومت مخالف ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ادھر متنازعہ قانون کے خلاف اوورسیز بھارتی بھی سراپا احتجاج بن گئے ہیں ، امریکی ریاست کیلی فورنیا کےشہر سانتاکلارا میں درجنوں بھارتیوں نے مظاہرہ کیا ، جس میں آرایس ایس کو بھارت سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔